پاکستانتازہ ترین

طوفانی بارشوں کے پیش نظر مریم نواز کا تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم، عید صفائی آپریشن میں نیا ریکارڈ قائم

لاہور (سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں متوقع طوفانی بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے واسا، ضلعی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بارشوں کے دوران مکمل طور پر متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں میں کہیں بھی بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے اور نکاسی آب کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے واسا آپریشنز کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے جبکہ برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز پر حفاظتی ڈھکن نصب رکھنے کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی کی ٹیموں کو مکمل الرٹ رہنے اور نہروں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔

انہوں نے بارشوں کے دوران تعمیراتی مقامات پر حفاظتی انتظامات سخت کرنے، خستہ حال عمارتوں کی خصوصی نگرانی اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے ضلعی انتظامیہ کو عوامی آگاہی اور الرٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مریم نواز نے کہا کہ اہم شاہراہوں اور مرکزی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں جبکہ سیف سٹی اتھارٹی اور چیف ٹریفک آفیسر کی ٹیمیں مکمل الرٹ رہیں۔ انہوں نے عوامی رہنمائی، بروقت معلومات کی فراہمی اور فیلڈ ٹیموں کی مکمل تیاری پر بھی زور دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے متحرک، مستعد اور ہمہ وقت تیار رہیں۔

عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن میں نیا ریکارڈ

دوسری جانب پنجاب حکومت کے "ستھرا پنجاب” پروگرام نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے حوالے سے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ صوبہ بھر میں چاند رات اور عید کے تینوں دنوں کے دوران 3 لاکھ 76 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں، باقیات اور کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 2025 میں 3 لاکھ 57 ہزار ٹن آلائشیں اور باقیات اکٹھی کرنے کا ریکارڈ قائم کیا گیا تھا، جسے رواں سال نمایاں فرق سے بہتر بنایا گیا۔

صفائی آپریشن کے دوران چاند رات کو 55 ہزار ٹن، عید کے پہلے روز 1 لاکھ 26 ہزار 188 ٹن، دوسرے روز 1 لاکھ 13 ہزار 233 ٹن جبکہ تیسرے روز 82 ہزار 163 ٹن آلائشیں اور دیگر باقیات ٹھکانے لگائی گئیں۔

پنجاب بھر میں گھر گھر سے آلائشیں اکٹھی کرکے مقررہ کلیکشن پوائنٹس تک پہنچائی گئیں جبکہ بعد ازاں انہیں محفوظ انداز میں ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کر کے تلف کیا گیا۔

عید صفائی آپریشن کے دوران کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہے جبکہ صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح پر قائم کنٹرول رومز کے ذریعے مسلسل نگرانی کی گئی۔

پہلی مرتبہ سیف سٹی کے جدید کیمروں اور ڈرون ٹیکنالوجی کو بھی صفائی آپریشن میں مؤثر انداز میں استعمال کیا گیا، جس سے آلائشوں اور باقیات کی بروقت نشاندہی اور تلفی ممکن بنائی گئی۔

عوام نے ستھرا پنجاب ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بروقت صفائی اور آلائشوں کی فوری منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button