پاکستانتازہ ترینسپورٹس

پاکستان نے پہلا بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ ٹائٹل جیت لیا، افغانستان کو 0-2 سے شکست

4ملکی ڈائمنڈ جوبلی ٹورنامنٹ کے فائنل میں افغانستان کو2۔0سے شکست

لاہور (سلمان حسین): پاکستان نے فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے اپنا پہلا باقاعدہ بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ ٹائٹل جیت لیا۔ مالدیپ میں کھیلے گئے چار ملکی ڈائمنڈ جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں قومی ٹیم نے افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔

میچ کے 24ویں منٹ میں پاکستان کے فارورڈ شائق دوست نے شاندار گول اسکور کرکے قومی ٹیم کو برتری دلائی۔ ان کی زبردست کک نے نہ صرف میدان میں پاکستان کو آگے کیا بلکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی فٹبال شائقین کے دل بھی جیت لیے۔

میچ کے اختتامی لمحات میں ہارون حامد نے ایک اور فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ اس گول کے بعد افغانستان کی واپسی کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں اور قومی ٹیم نے 0-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔

پاکستان کی اس تاریخی کامیابی کا ایک اور اہم پہلو یہ رہا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران قومی ٹیم کے خلاف ایک بھی گول اسکور نہیں کیا جا سکا۔ یہ کارکردگی ٹیم کے مضبوط دفاع، بہترین حکمت عملی اور کھلاڑیوں کی بھرپور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ کامیابی پاکستان فٹبال کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ یہ قومی ٹیم کا پہلا باقاعدہ بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل 1952 کے سیلون کپ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ فاتح قرار پائے تھے، جبکہ 1991 کے ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے گولڈ میڈل جیتا تھا، تاہم وہ ایک ملٹی اسپورٹس ایونٹ تھا۔

فٹبال ماہرین اور شائقین کا کہنا ہے کہ مالدیپ میں حاصل ہونے والی یہ تاریخی فتح صرف ایک ٹرافی نہیں بلکہ پاکستان فٹبال کے روشن مستقبل، نئی امیدوں اور عالمی سطح پر بہتر کارکردگی کی بنیاد ہے۔ قومی ٹیم کی اس کامیابی نے ملک بھر میں فٹبال کے کھیل کو نئی زندگی اور نوجوان کھلاڑیوں کو نیا حوصلہ دیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button