ٹرمپ خودپسند،کرپٹ اور نااہل ہیں:بائیڈن کی کڑی تنقید

واشنگٹن:(ویب ڈیسک)امریکہ کے سابق صدر جو بائیڈن نے اپنے جانشین اور موجودہ صدر ٹرمپ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں کرپٹ، خود پسند اور نااہل قرار دے دیا۔
جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسیاں اور طرز حکمرانی امریکی جمہوریت اور قومی اداروں کیلئے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔ریاست میری لینڈ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے فنڈ ریزنگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ صرف ذاتی تشہیر اور اپنی پسند کے منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے ایسٹ ونگ میں تبدیلیاں کر رہے ہیں، اپنی تقریبات کیلئے بال روم تعمیر کرا رہے ہیں، مختلف عمارتوں اور منصوبوں پر اپنا نام نمایاں کر رہے ہیں اور ذاتی پسند کے منصوبوں پر سرکاری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔یہ صرف خود نمائی کا معاملہ نہیں بلکہ اس انتظامیہ میں بدعنوانی بھی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔
موجودہ حکومت میں کرپشن کی ایسی مثال امریکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔جوبائیڈن نے 6 جنوری 2021 کو کانگریس پر حملے میں ملوث افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بھی ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے افراد کو مالی معاوضہ دینے کے بجائے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
جو بائیڈن کے ان بیانات کو امریکی سیاست میں ایک نئی لفظی جنگ قرار دیا جا رہا ہے۔ٹرمپ یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔



