
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اب روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی، جبکہ نئی قیمتیں اوگرا کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر پر پڑ رہے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں ڈیزل مہنگا
وفاقی وزیر پٹرولیم کے مطابق عالمی منڈی میں ڈیزل کی قیمت 110 ڈالر سے بڑھ کر 140 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے، جس کی وجہ سے توانائی کی لاگت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اب تک 130 ارب روپے کی پٹرولیم سبسڈی فراہم کی ہے اور یہ پروگرام بدستور جاری ہے تاکہ شہریوں پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔
پٹرولیم سیکٹر کی ڈی ریگولیشن
علی پرویز ملک نے بتایا کہ حکومت پٹرولیم سیکٹر کو مرحلہ وار ڈی ریگولیشن کی جانب لے جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے وزیراعظم نے ان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے جو اصلاحاتی عمل کی نگرانی کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش تیز کی جا رہی ہے، جبکہ ترک پٹرولیم تقریباً 20 سال بعد اکتوبر میں سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے اپنا جہاز پاکستان بھیجے گی۔
ریفائنریز کی اپ گریڈیشن پر کام جاری
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سرکلر ڈیٹ کے مسئلے پر بھی پیش رفت جاری ہے، جبکہ ملکی ریفائنریز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ خام تیل کے بہتر استعمال اور عالمی منڈی کے مطابق مسابقتی قیمتوں پر پٹرولیم مصنوعات عوام کو فراہم کی جا سکیں۔
پاکستان میں پٹرول کی قلت نہیں ہونے دی: عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ عالمی کشیدگی کے دوران دنیا کے کئی ممالک میں تیل کی قلت پیدا ہوئی، تاہم حکومت نے بروقت اضافی ذخائر اور مختلف ممالک سے کارگو منگوا کر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا نہیں ہونے دی۔
انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی کو ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عطا تارڑ نے یہ بھی بتایا کہ حکومت ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔



