اتفاق کی صورت میں آغاز چیمپئنز ٹرافی سے ہوگا، پی سی بی نے اپنی تجویز سے آئی سی سی اور بھارت دونوں کو آگاہ کر دیا
لاہور ( ویب ڈیسک )دبئی پاک بھارت کرکٹ دنگل کا اکھاڑہ بنے گا، تنازع کو حل کرنے کیلئے ’’ پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولہ‘‘ سامنے آ گیا، اس کے تحت آئندہ 3سال تک ایک دوسرے کے ملک میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ٹیمیں باہمی میچ یو اے ای میں کھیلیں گی، اتفاق کی صورت میں اس کا آغاز چیمپئنز ٹرافی سے ہوگا۔
پی سی بی نے اپنی تجویز سے آئی سی سی اور بھارت دونوں کو آگاہ کر دیا، مثبت جواب آنے پر ڈیڈ لاک کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ بورڈ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے اضافی رقم دینے کی تمام آفر مسترد کی جا چکی ہیں، ہم پیسہ نہیں بلکہ عزت چاہتے ہیں، بات اب صرف چیمپئنز ٹرافی تک محدود نہیں رہی بلکہ تمام آئی سی سی ایونٹس پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے ۔ پاکستان نے آئی سی سی کی آمدنی سے اضافی حصے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، آج کوئی مثبت اعلان متوقع ہے۔
پاکستان آئندہ برس چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا تاہم دورے سے بھارتی انکار نے صورتحال پیچیدہ بنا دی، اسی وجہ سے تاحال شیڈول کا اعلان بھی نہیں کیا جا سکا۔ چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کا تجویز کردہ متبادل پلان دئیے جانے کا امکان ہے، یہ پلان برابری کی بنیاد پر ترتیب دیا جائے گا، نئے فارمولا کے تحت پاک بھارت میچ اگلے تین سال کیلئے نیوٹرل مقام دبئی میں ہوں گے۔



