پشاور/کوئٹہ/اسلام آباد(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ بلوچستان کے ضلع بولان میں نیشنل ہائی وے پر پولیس چوکی پر مسلح افراد کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اگست کو خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف دو الگ الگ کارروائیاں کیں۔
جنوبی وزیرستان میں 8 خوارج ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے ضلع اعظم ورسک کے علاقے میں کی گئی، جہاں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے حملے کا مؤثر انداز میں جواب دیا، جس کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔
دیر میں بھی 2 دہشتگرد مارے گئے
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 خوارج کو ہلاک کردیا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بولان میں پولیس چوکی پر حملہ، اہلکار شہید
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے بولان میں بالاناڑی نیشنل ہائی وے پر رات گئے مسلح افراد نے دوسہ کراس پولیس چوکی پر حملہ کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے رات گئے چوکی کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں چوکی پر تعینات پولیس اہلکار حافظ عبدالرشید شہید ہوگئے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی مزید سخت کردی گئی جبکہ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں کارروائی شروع کردی ہے۔
وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں اور 10 خوارج کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کے عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، جبکہ حکومت اور قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
صدر مملکت کا بھی خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔



