پاکستانتازہ ترین

دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے نئے باب کا آغاز ہے: مریم نواز

لاہور (سلمان حسین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ اور عالم اسلام کے نئے باب کا آغاز قرار دیا ہے۔

مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مسلم دنیا کے اتحاد کے لیے کوششوں کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہے۔ ان کے مطابق مکہ مکرمہ کی چھاؤں تلے تین بڑی معاشی، عسکری اور سیاسی طاقتوں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا پوری امت مسلمہ کے لیے خوش آئند ہے۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ تاریخی پیش رفت قرار

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی معاہدہ عالم اسلام میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی اور ترک قیادت کے ساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ہمیشہ مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کا علم بردار رہے گا۔ باہمی دفاعی تعاون سے نہ صرف متعلقہ ممالک کی سلامتی مضبوط ہوگی بلکہ امت مسلمہ کے اجتماعی اتحاد کو بھی تقویت ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ تمام فریقین کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، جس سے اسلامی دنیا کے اتحاد اور باہمی دفاعی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ان تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو مسلم دنیا کے اتحاد، اجتماعی سلامتی اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں۔

مون سون کے بعد خستہ عمارتوں کے سروے کی ہدایت

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ وزیراعلیٰ کو مختلف ترقیاتی منصوبوں اور مون سون کے دوران انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مریم نواز نے مون سون کے فوراً بعد صوبے کے تمام شہروں میں خستہ حال عمارتوں کا سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے سیوریج اور ڈرینج منصوبوں سے متعلق ایمپیکٹ اسٹڈی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

لاہور اور گوجرانوالہ کی انتظامیہ کو شاباش

وزیراعلیٰ نے ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو سراہا۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز باغبانپورہ سانحے میں آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک 27 گھنٹے موقع پر موجود رہے۔

انہوں نے گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود چھ گھنٹے سے پہلے نکاسی آب کا عمل مکمل ہونے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج سسٹم کی تکمیل کے بعد نکاسی آب کے نظام میں واضح بہتری آئی ہے۔ مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب کے اہلکاروں نے قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے بارشوں کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں کامیابی پر اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے اعظم ورسک اور دیر میں 10 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع اور امن و امان کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button