لاہور (بیورو چیف) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے اچانک دورے کے دوران ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو سفر کی اجازت ہرگز نہ دی جائے، جبکہ مکمل دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو بلاوجہ سفر سے نہ روکا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود عملے سے امیگریشن کے طریقہ کار اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
محسن نقوی نے امیگریشن کے عمل سے گزرنے والے مسافروں سے بھی براہ راست وقت اور سہولیات کے بارے میں پوچھا۔ مسافروں نے بتایا کہ ان کی امیگریشن تقریباً 30 منٹ میں مکمل ہوئی۔
وزیر داخلہ نے مسافروں کو بہتر سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امیگریشن کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایئرپورٹ پر تمام دستیاب امیگریشن کاؤنٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے کہا کہ اضافی کاؤنٹرز فعال رکھنے سے امیگریشن کے عمل میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہوگی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔
ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت پر فوری کارروائی
دورے کے دوران ایک مسافر نے وزیر داخلہ کو ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت کی۔ محسن نقوی نے شکایت کا موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کردیا اور متعلقہ ایجنٹ کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ مسافروں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہ کیا جائے۔
جعلی دستاویزات پر سفر کی روک تھام سخت
محسن نقوی نے کہا کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی شخص کو سفر کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل پہلے کے مقابلے میں آسان اور مؤثر ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا نظام مزید سخت کردیا گیا ہے، تاہم مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو بلاوجہ سفر سے نہیں روکا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ امیگریشن کے عمل میں قانون پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ مسافروں کو ہر ممکن سہولت بھی فراہم کی جائے۔



