پاکستانتازہ ترین

اتحاد و یکجہتی سے دشمن کی سازشیں ناکام بنائیں گے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

لاہور (بیوروچیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے قوم کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو متحد ہو کر ناکام بنائیں گے۔

گورنر پنجاب نے یہ بات گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے پرچم کشائی کی۔

تقریب میں امریکی، چینی، ایرانی اور برطانوی قونصلیٹس کے نمائندوں نے خصوصی شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے قونصلر نمائندوں کے ہمراہ یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ گورنر نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔

تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے

سردار سلیم حیدر خان نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جو ہمارے آباؤ اجداد کی بے پناہ قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے وطن عزیز کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، تاہم قوم متحد ہو کر ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنائے گی۔

شہداء اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

گورنر پنجاب نے ملکی سالمیت کے لیے مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم ان شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان نے سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہو کر ملکی دفاع کو مضبوط بنایا ہے۔

نوجوان نسل کو پاکستان کی تاریخ سے آگاہ کرنا ضروری ہے

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے تاکہ نوجوان نسل کو معلوم ہو سکے کہ پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے کتنی مشکلات اور قربانیاں برداشت کیں۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں عزت ملی اور ملک ایک مضبوط ریاست کے طور پر ابھرا۔

پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے

گورنر پنجاب نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں عزم کرنا ہوگا کہ ہم مل کر پاکستان کو معاشی طور پر ایک عظیم ملک بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کشکول توڑنا ہوگا اور پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہوگا۔ اتحاد، محنت اور قومی جذبے کے ذریعے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button