انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینسپورٹس

عمران کیلئے 3اہم مطالبات،سابق 21عالمی کپتانوں کا شہبازکو خط

 

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) دنیا بھر کے 21 سابق ٹیسٹ و بین الاقوامی کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اور خط لکھ کر سابق پاکستانی کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے اور مناسب علاج کا مطالبہ کر دیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سابق کپتانوں نے خط میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے کے لئے ہسپتال منتقل کرنے اور ایسے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی جس میں ان کے ذاتی معالجین اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی شامل ہوں جبکہ ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بھی بحال کی گئی تھیں۔

خط میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عمران خان کا ہسپتال میں قیام صرف چند گھنٹوں تک محدود رہا اور سپریم کورٹ کی ہدایت کردہ میڈیکل بورڈ کے بجائے سرکاری طور پر مقرر کردہ ٹیم نے ان کا معائنہ کیا جس نے انہیں طبی طور پر فٹ قرار دے کر واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔

سابق کپتانوں نے تین مطالبات پیش کئے ہیں جن میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق میڈیکل بورڈ کو عمران خان، خصوصاً ان کی دائیں آنکھ کی مبینہ بینائی میں کمی کا مکمل اور آزادانہ معائنہ کرنے کی اجازت دینا، ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بلا تعطل یقینی بنانا اور طبی معائنے کی بنیاد پر تجویز کردہ علاج فوری فراہم کرنا شامل ہے۔

خط پر دستخط کرنے والوں میں مائیکل ایتھرٹن، ایلکس بلیک ویل، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، ایلسٹر کک، مائیکل گیٹنگ، سنیل گواسکر، لی جرمین، ایڈم گلکرسٹ، ڈیوڈ گاور، کم ہیوز، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ارجنا راناٹنگا، اینڈریو اسٹراس، دلیپ وینگسرکر، اسٹیو وا اور جان رائٹ شامل ہیں۔

سابق کپتانوں نے واضح کیا کہ وہ یہ اپیل سیاستدانوں کی حیثیت سے نہیں بلکہ کرکٹ کے میدان میں عمران خان کے سابق ساتھیوں اور حریفوں کی حیثیت سے کر رہے ہیں اور پاکستان کے داخلی قانونی معاملات میں مداخلت کا ارادہ نہیں رکھتے۔واضح رہے کہ یہ سابق عالمی کپتانوں کی جانب سے وزیراعظم کو چھ ماہ کے دوران دوسرا خط ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button