ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کیلئے40ٹن امدادی کھیپ روانہ
امدادی سامان خیموں، کمبل، لحاف بستر اور لائف جیکٹس پر مشتمل
اسلام آباد ( ویب ڈیسک )وزیر اعظم شہبازشریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے سیلاب سے متاثرہ ملائیشیا کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کر دی ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق خصوصی طیارہ امدادی سامان لیکر اتوار کی صبح 5 بجے اسلام آباد سے کوالالمپور روانہ ہوا ۔ ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کیلئے 40 ٹن امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے۔
امدادی سامان خیموں،کمبل، لحاف، بستر اور لائف جیکٹس پر مشتمل ہے، امدادی سامان کی دوسری کھیپ اس رواں ہفتے میں بھیجی جائے گی۔ملائشیا میں اس سال مون سون کے دوران شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جبکہ سیلاب سے ملائیشیا کی 9مشرقی ریاستوں میں 38 اضلاع کو شدید نقصان پہنچا ہے، سیلا بی صورتحال کے باعث ملائیشیا کی مختلف ریاستوں میں 9افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔
وزیراعظم پاکستان نے اپنے ہم منصب کو کال کر کے ملائیشیا میں سیلاب کے باعث ہونے والی سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن تعاون یقینی بنانے کا اعادہ کیا۔



