لاہور (بیوروچیف/سید ظہیر نقوی سے )اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گندم سکینڈل پر جاری کارروائیوں کے دوران گوجرانوالہ میں کارروائی کے دوران ڈی ایف سی گوجرانوالہ محمد زمان سمیت 8ملازم گرفتارکرلئے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹراحمد نواز تاحال فرار ہیں جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے اور کارروائیاں جاری ہیں،تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گندم سکینڈل میں خزانہ سرکار کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ثابت ہونے پر ڈی ایف سی گوجرانولہ سمیت محکمہ فوڈ کے 8 ملازمین کو گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گوجرانوالہ کو ریکارڈ کی چھان بین میں یہ بات ثابت ہوئی کہ محکمہ فوڈ کے عملے نے جعلی بنک واؤچرز بنا کر خزانہ سرکار کو 17 کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا اور جعلی رسیدیں بنا کر اسے سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنایا ۔
اینٹی کرپشن نے محکمہ فوڈ کے ڈی ایف سی محمد زمان، اسسٹنٹ محمد شبیر اور محمد طارق ، سینئر کلرکس محمد شریف، عبدالغفار، عتیق الرحمن ، قمر رشید اور محمد اعجاز کو گرفتار کر لیاجن سے تفتیش جاری ہے ۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے کہاہے کہ بدعنوان عناصر کو ہر قیمت پر نشان عبرت بنایا جائے گا ، افسران کو کرپٹ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ پنجاب سے کرپشن کے ناسور کو ہمیشہ کیلئے دفن کیا جا سکے۔



