پاکستانتازہ ترین

آزاد کشمیر الیکشن،متحدہ کی ن لیگ کی حمایت ،گورنرشپ سمیت 3 مطالبات بھی پیش

امید ہے بشیر میمن مطالبات کو مدنظر رکھیں گے:فاروق ستار،گورنر ہمارا ہو یا ان کا فرق کیا پڑتا ہے:صدر ن لیگ سندھ

 

کراچی:(ویب ڈیسک) آزاد کشمیر انتخابات میں ایم کیوایم پاکستان نے مسلم لیگ ن کی حمایت اور امیدواروں کو دستبردار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تین مطالبات رکھ دیئے۔ مسلم لیگ ن کے وفد نےایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا۔وفد کی قیادت مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کر رہے تھے۔

وفد میں وفاقی وزیر کھیئل داس کوہستانی اور امیدوار نعیم الحق بھی شامل تھے۔ لیگی وفد نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق، شبیر قائم خانی سمیت دیگر قیادت سے ملاقات کی،اس دوران آزاد کشمیر انتخابات، سندھ کی سیاسی صورتحال، ایم کیو ایم اور ن لیگ کے تعلقات اور ورکنگ ریلیشن شپ پر بات چیت ہوئی۔مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم قیادت سے ایک بار پھر آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت کی درخواست کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہامسلم لیگ ن کا وفد بہادرآباد تشریف لایا، ہم ان کے مشکور ہیں۔ آزاد کشمیر میں انتخابات کی گہما گہمی ہے اور ایم کیو ایم نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ 2024 کے انتخابات سے قبل ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے۔ ہم مسلم لیگ ن کے اتحادی ہیں اور آپس میں ہمارا اشتراک عمل ہے۔ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے ساتھ اپنی طاقت کو جوڑ دیں تو مشترکہ امیدوار کا جیتنا ممکن ہو سکے گا۔

ایم کیو ایم اپنے تمام امیدوار مسلم ن کے حق میں دستبردار کرتی ہے لیکن ہمارے تین مطالبات ہے۔ہم نے بلدیاتی آئینی ترمیم کا مطالبہ دوبارہ ان کے سامنے رکھا ہے جس پر مسلم لیگ ن نے اس بل کو اسمبلی میں لانے پر اتفاق کیا ہے۔پی ڈی ایم ون اور ٹو میں گورنر شپ ہماری تھی۔ سندھ کے شہری علاقوں میں ہماری اکثرہے لہذا گورنر سندھ ایم کیوایم کا ہونا چاہیے، ہمارا مینڈیٹ ہے اور آزاد کشمیر میں حکومت سازی میں ہماری شراکت داری ہونی چاہئے۔

امید ہے بشیر میمن ہمارے ان مطالبات کو سامنے رکھیں گے۔مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا گورنر ہمارا ہو یا ان کا فرق کیا پڑتا ہے، مشکل وقت میں ہم ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ میرا ایم کیو ایم سے یہ گلا رہتا ہے کہ وہ صرف کراچی کی بات کرتی ہے۔

انشاءاللہ آزاد کشمیر انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ شہباز شریف کو جب بھی کراچی بلایا گیا آتے ہیں۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا ایک بڑا کردار تیسری عالمی جنگ کو رکوانے میں ہے، ہم ہر ایک سے ملنے کو تیار ہیں۔ موجودہ گورنر ہم سب کا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button