انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینسپورٹس

کولمبو میں آج بڑا معرکہ: روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے

لاہور ( سلمان حسین) آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ 2026میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ہائی وولٹیج مقابلے میں آج ( اتوار کو) کولمبو کے کو آر پریماداسا سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی تاہم بارش اس اہم ٹاکرے کا مزہ کرکرا کر سکتی ہے، آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو کولمبو میں پاک بھارت میچ دیکھنے کی دعوت دید ی ہے ۔شائقین کرکٹ کاجوش وخروش عروج پر ہے، 35 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والا آر پریما داسا سٹیڈیم کی مکمل طور پر فروخت ہو چکا ہے، جبکہ بلیک مارکیٹ میں ٹکٹیں اصل قیمت سے چار گنا زیادہ میں فروخت ہو رہی ہیں۔ پاک، بھارت ٹاکرے پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ میچ کو انڈیا، پاکستان اور دنیا بھر میں کروڑوں افراد ٹی وی سکرینز پر دیکھیں گے، جس نے ٹورنامنٹ کو ایک نئی جان بخشی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث ہر گیند اور ہر شاٹ جذبات کی شدت میں اضافہ کرے گا۔ ادھر کولمبو میں موسم کی تازہ ترین اپ ڈیٹس کے مطابق، آج شام 4اور 5بجے (سری لنکا کے وقت) کے درمیان ٹاس سے ٹھیک قبل میدان میں مسلسل بارش اور زیادہ نمی کی وجہ سے کارروائی پر اثر پڑنے کا امکان ہے، سٹیڈیم پر 15کلومیٹر فی گھنٹہ سے 26کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں، جو تیز گیند بازوں کو ابتدائی طور پر مدد دے سکتی ہیں۔ دونوں ٹیمیں اپنے گروپ مرحلے کے میچوں میں ناقابل شکست رہیں۔ پاکستان نے نیدرلینڈز اور امریکہ جبکہ بھارت نے امریکہ اور نمیبیا کو شکست دی۔
تاریخی طور پر بھارت اور پاکستان 16ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں آمنے سامنے ہو چکے ہیں جن میں بھارت نے 13 اور پاکستان نے تین جیتے ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں آٹھ بار ٹکر چکی ہیں اور بھارت کو 6۔1سے برتری حاصل ہے، جبکہ ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔ دریں اثنا آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کولمبو میں پاک بھارت میچ دیکھنے کی دعوت دیدی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی آج پاک، بھارت میچ کولمبو میں دیکھیں گے، میچ سے قبل محسن نقوی قومی سکواڈ سے ملاقات بھی کریں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کو بھی آئی سی سی نے دعوت نامہ بھیج دیا، صدر آئی سی سی جے شاہ بھی پاک بھارت میچ دیکھیں گے۔ محسن نقوی سے جے شاہ اور بی سی سی آئی آفیشلز کی ملاقات کا بھی امکان ہے، دوسری جانب بن گلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الا اسلام کو پاک، بھارت میچ دیکھنے کی دعوت موصول ہوئی ہے۔ ادھر میگا مقابلے سے پہلے دونوں ٹیموں نے الگ الگ تربیتی سیشن کئے۔ بھارتی ٹیم نے اپنی تربیت بیٹنگ اور فیلڈنگ ڈرلز کے ساتھ شروع کی ہے، جبکہ پاکستانی ٹیم نے بھی بائولنگ سیشنز اور بیٹنگ لائن اپ کی مشق پر توجہ دی، جس سے کھلاڑی میچ کے لیے اپنی بہترین فارم میں آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مزید برآں قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف بڑے میچ سے قبل سپنر عثمان طارق کو ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا ہمارے لیے یہ سب کھلاڑی ایک جیسے ہیں، عثمان طارق کو آپ سب نے بنایا، وہ ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ہیں۔ ان کا کہنا تھا عثمان طارق کے بولنگ ایکشن سے متعلق بات چلتی رہی ہے، عثمان طارق دو مرتبہ کلیئر ہوچکا، پتہ نہیں اس کے ایکشن پر بات کیوں ہو رہی ہے، لیکن عثمان طارق پر اس سب کا کوئی اثر نہیں پڑتا، کسی کی رائے کو روک نہیں سکتے، سب کو اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ایک بڑے لیول کا میچ ہوگا، ہم تیار ہیں ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے، یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں اور پچ کا بھی علم ہے، بارش کا کچھ نہیں کر سکتے، اگر بارش کی وجہ سے اوور کم ہوتے ہیں تو اس کا بھی پلان کر رکھا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا میرے لیے تمام 15کھلاڑی اہم ہیں، کوئی بھی کھیل سکتا ہے، کنڈیشنز کو دیکھ کر ہی اپنی پلیئنگ الیون بنائیں گے۔ دریں اثنا چیئرمین پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے کولمبو پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی اور سپر8مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ احمد آباد میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 7وکٹ سے شکست دی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹ پر 175رنز سکور کیے تھے۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے 176رنز کا ہدف با آسانی 18ویں اوور میں 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جبکہ آئرلینڈ نے عمان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 96رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا۔ مزید برآں انگلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو با آسانی 5وکٹوں سے مات دے دی۔ سکاٹ لینڈ کی ٹیم آخری اوور میں 152رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جواب میں انگلینڈ نے 153رنز کا ہدف با آسانی 19ویں اوورمیں 5وکٹ پر حاصل کرلیا۔ انگلش ٹیم گروپ سی میں 4پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button