قاہرہ میں آر-4 وزرائے خارجہ اجلاس، تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
بائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی ترک، مصری اور سعودی وزرا خارجہ سے ملاقاتیں
قاہرہ، اسلام آباد (ویب ڈیسک): مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں آر-4 وزرائے خارجہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں علاقائی تعاون اور ترجیحی شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور چاروں ممالک نے سفارتکاری، مذاکرات اور علاقائی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
تعاون اور سفارتکاری کے فروغ پر زور
اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
چاروں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی بہترین راستہ ہے۔
اسحاق ڈار کی اہم ملاقاتیں
قاہرہ میں قیام کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مصری، ترک اور سعودی وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔
ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور ایران امریکہ مذاکرات سمیت اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قاہرہ میں ان کی میزبانی یادگار رہی۔
انہوں نے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ملاقات کو خوشگوار اور بامعنی قرار دیتے ہوئے دوستی اور مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا۔



