کراچی (ویب ڈیسک): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام پر ظلم، استحصال اور جبر کا نظام مسلط کرنے میں تمام حکمران پارٹیاں شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ جماعتیں عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ جاگیرداروں، وڈیروں اور مافیا کے مفادات کی محافظ ہیں۔
ہسپتال چورنگی ضلع ملیر اور مشرف کالونی ضلع کیماڑی میں جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبرشپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپس کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام سنگین مسائل کا شکار ہیں جبکہ حکمرانوں کو ان کی مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں۔
عوامی مسائل پر شدید تنقید
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہری 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ، ٹرانسپورٹ کی کمی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن کراچی کے شہری آج بھی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔
انتخابی عمل اور الزامات
امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم "نورا کشتی” میں مصروف ہیں جبکہ انتخابات میں جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے جیتے ہوئے ٹاؤنز اور یونین کونسلز پر قبضہ کیا گیا جبکہ بعض جماعتوں کو نشستیں دی گئیں جن کا زمینی مینڈیٹ موجود نہیں تھا۔
عوام سے اپیل
حافظ نعیم الرحمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے حصول اور انصاف کے نظام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، اس کی رکنیت اختیار کریں اور مضبوط سیاسی قوت بنیں۔



