حافظ آباد، فیصل آباد، کراچی، خانپور (نمائندگان ،سی این این اردو ڈاٹ کام ) مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت7افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیل کے مطابق پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹر وے ایم ٹوپر تیز رفتار کا اچانک ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں کار موٹر وے سے نیچے کھائی گر گئی اور کار میں سوار ایک خاتون خالدہ اشرف جان موقع پر جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمران اور متوفیہ کی بیٹی صنم انور شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نازک حالت کے پیش نظر ٹی ایچ کیو ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔سمندری کا رہائشی 22سالہ عرفان موٹرسائیکل پر جا رہا تھا جب وہ سمندری بائی پاس کے قریب پہنچا تو تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل پرکنٹرول نہ رکھ سکا۔
موٹرسائیکل بے قابو ہوکر سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرا گئی، عرفان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔بعدازاں پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔
کراچی میں ٹریفک کے مختلف حادثات نے مزید 3 افراد جاںبحق ہوگئے۔ دالبندین کے قریب ٹریفک حادثہ، دو افراد جاں بحق، تین زخمی ہو گئے۔ادھر خان پور میں مال بردار ٹرین کی 8 بوگیاں علیحدہ ہو گئیں۔ واقعہ خان پور سٹی پارک کے قریب پیش آیا جبکہ ڈرائیور ٹرین کو روکے بغیر چلا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ٹرین کی بوگیاں کئی میٹر تک چلتی گئیں، خوش قسمتی سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا، مال بردار ٹرین لاہور سے کراچی کی جانب جا رہی تھی ۔ دوسری جانب ریلوے حکام نے کہا کہ واقعہ کے بعد ڈائون ٹریک کو ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا جلد ٹریک بحال کر دیا جائے گا۔



