پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

پنجاب میں خصوصی افراد کیلئے3 فیصد ملازمت کوٹہ مختص کرنیکا فیصلہ

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت اہم جائزہ اجلاس،متعدد اہم فیصلے

 

لاہور:(بیوروچیف) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت افرادِ باہم معذوری کے لیے مختص 3 فیصد ملازمت کوٹے پر اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوٹے پر موثر عملدرآمد اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ افرادِ باہم معذوری کو بااختیار بنانے اور انہیں باوقار، مساوی اور پائیدار روزگار کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے، جبکہ سرکاری و نجی اداروں میں 3 فیصد ملازمت کوٹے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران صوبہ بھر کی متعلقہ سرکاری اور نجی اسٹیبلشمنٹس کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے، کوٹے کی نگرانی کے لیے جدید آن لائن مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے اور ملازمت کوٹے کی بروقت تصدیق کے لیے فیلڈ ویریفیکیشن کا نظام مزید موثر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

شرکا ء نے افرادِ باہم معذوری کے لیے دستیاب ملازمتوں کا جامع اور مستند ڈیٹا مرتب کرنے، عوامی مقامات پر قابل رسائی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے اور متعلقہ محکموں، نجی شعبے اور چیمبرز آف کامرس کے ساتھ رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ 3 فیصد ملازمت کوٹے پر عملدرآمد میں حائل تمام رکاوٹیں مرحلہ وار دور کی جا رہی ہیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ معذور افراد کو روزگار، مساوی مواقع اور باوقار زندگی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button