مقدمات کا 90روزمیں فیصلہ ورنہ ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز واپس کردوں گا:محمودبھٹی
ڈی ایچ اے میں واقع ہسپتال،یتیم خانہ کیلئے خریدی اراضی پر قبضہ کرلیاگیا،پاکستان کا عدالتی نظام افریقہ سے بھی نیچے چلا گیا،اورسیز پاکستانی ڈرےہوئے ہیں:پریس کانفرنس
لاہور ( کلچرل رپورٹر )بین الاقوامی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا اوورسیز کے لئے عدالتیں بنانے پر شکریہ ادا کیا ہے۔لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود بھٹی نے کہا کہ اوورسیز عدالتوں کا فیصلہ نوے روز میں ہونا چاہیے ۔ اوورسیز پاکستانی ملکی حالات سے ڈرے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ک ہ ہم لوگ بڑی محنت کر کے پاکستان پیسہ بھیجتے ہیں۔محمود بھٹی نے کہا کہ ڈی ایچ اے میں واقع ایک اسپتال کا مین شیئر ہولڈر ہوں ،جسے سی او بنایااسی نے قبضہ کر لیا اسی اسپتال میں کیش پر کام ہو رہا ہے ایف بی آر ریکارڈ چیک کرے۔
محمود بھٹی نے کہا کہ حکومت سے پوچھتا ہوں کہ میرے ساتھ یہ زیادتیاں کیوں ہورہی ہیں ،یتیم خانے بنانے کے لئے زمین خریدی اس پر قبضہ ہو چکا ہے ۔باہر سے آ کر کیس لڑ رہا ہوں ۔ غریبوں کے لئے کام کرنا چاہتا ہوں۔ محمود بھٹی نے کہا کہ ملک کا عدالتی نظام درست نہیں ہے یہ افریقہ سے بھی نیچے چلا گیا ہے پاکستان نے مجھے عزت دی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ایسے لگ رہا ہے کہ ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز دے کر مجھے خوار کیا جارہا ہے اگر میرےکیسز کے فیصلے نوے روز میں نہ کئے تو ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز واپس کر دوں گا۔ میری زندگی کو خطرہ ہے اللہ کے سواکسی سے نہیں ڈرتا۔
میرے ہاسپٹل کا مسئلہ حل کیا جائے اس ملک میں انصاف مل جائے تو حالات بدل سکتے ہیں ۔ اوورسیز پاکستانی ڈر گئے ہیں وہ پاکستان میں پیسہ نہیں بھیجیں گے۔ انصاف نہ ملا تو پیسہ لیکر باہر چلا جاؤں گا۔



