فچ نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کردی،وزیر خزانہ کا خیر مقدم
واشنگٹن،(ویب ڈیسک )عالمی کریڈٹ ایجنسی فچ نے پاکستان کا معاشی آؤٹ لُک مستحکم قرار دیتے ہوئے کریڈٹ ریٹنگ ٹرپل سی پلس سے بڑھا کر بی مائنس کردی۔
رپورٹ کے مطابق نیویارک میں واقع عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی غیرملکی قرضہ جاتی ریٹنگ ٹرپل سی پلس سے بڑھا کر بی مائنس کردی ہے، اور مقامی کرنسی ریٹنگ کو بھی بی مائنس کردیا ہے۔
عالمی ریٹنگ ایجنسی نے پاکستانی کے معاشی آؤٹ لُک کو مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ درمیانی مدت میں خسارہ تقریباً 5 فیصد تک محدود رہنے کی توقع ہے۔
عالمی ایجنسی کا کہنا ہے کہ توقع ہے جون تک پاکستان کا مجموعی بجٹ خسارہ کم ہوکر 6 فیصد ہوجائے گا۔
فچ نے کہا کہ یہ اپ گریڈ اس اعتماد کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ ملک ساختی اصلاحات پر عمل درآمد کرے گا، جس سے اس کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی کارکردگی اور فنڈنگ کی دستیابی میں مدد ملے گی۔
ایجنسی نے کہا کہ اگرچہ جاری عالمی تجارتی تناؤ بیرونی دباؤ پیدا کر سکتا ہے، لیکن اس کا برآمدات اور مارکیٹ فنانسنگ پر کم انحصار خطرات کو کم کرے گا۔
فچ نے خبردار کیا ہے کہ بین الاقوامی تجارتی کشیدگیاں پاکستان کی برآمدات کو متاثر کر سکتی ہیں، خاص طور پر امریکا کو برآمدات جو زیادہ تر ٹیکسٹائلز پر مشتمل ہیں اور مالی سال 2024 میں جی ڈی پی کا 3 فیصد (مجموعی برآمدات کا 35 فیصد) تھیں۔
فچ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومتوں نے بھی زرعی آمدنی پر ٹیکس میں اضافہ کرنے کے لیے قانون سازی کی ہے جو کہ ایک اہم ساختی معیار ہے۔ یہ ان اقدامات کے بعد ہوا ہے جو پاکستان نے اپنے پچھلے، نسبتاً عارضی پروگرام کے تحت کیے تھے، جو اپریل 2024 میں مکمل ہو گیا تھا۔
رپورٹ میں عالمی ادارے نے توقع ظاہر کی ہے کہ جی ڈی پی کی شرح مالی سال 2025 میں 3 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
واضح رہے کہ مئی 2023 میں افراط زر کے ریکارڈ بلند سطح پر پہنچنے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں گراوٹ کے بعد معیشت دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھی، لیکن جزوی طور پر آئی ایم ایف کے 7 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کی بدولت اسے کچھ ریلیف ملا۔
قبل ازیں گزشتہ برس جولائی میں فچ نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے معاہدے کے بعد پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی ایشوور ڈیفالٹ ریٹنگ اپ گریڈ کرتے ہوئے ’سی سی سی‘ سے ’سی سی سی پلس‘ کردی تھی۔
وزیر خزانہ کا پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کرنے کا خیر مقدم
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فچ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ بی مائنس کرنا معاشی اصلاحات پراعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ فچ نے تین سال بعد پاکستان کی ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے جس کے بعد مزید سرمایہ کاری، تجارت اور روزگار کے مواقع پیداہوں گے۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی اصلاحات اور معاشی استحکام کا سفر جاری رکھے گی۔



