
لاہور: (جنرل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ محتسب پنجاب کا ادارہ عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی ناگزیر ہے کیونکہ تاخیر سے ملنے والا انصاف درحقیقت انصاف نہ دینے کے مترادف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں محتسب پنجاب عائشہ حامد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر محتسب پنجاب نے گورنر پنجاب کو ادارے کی سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی اور انہیں ادارے کی مجموعی کارکردگی، سٹاف کی تربیت، ڈیجیٹلائزیشن اور ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
گورنر پنجاب نے محتسب پنجاب کے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالا تو گورنر آفس میں محتسب پنجاب کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں گزشتہ تین برس سے زیر التواء تھیں، تاہم انہیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے وہ اور ان کا دفتر ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
محتسب پنجاب عائشہ حامد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2025 کے دوران گزشتہ برس کے مقابلے میں دوگنی شکایات موصول ہوئیں، جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سائلین کو بروقت ریلیف فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کروایا جا رہا ہے، جبکہ افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ملاقات کے موقع پر سیکرٹری محتسب پنجاب آفس قیصر سلیم اور ایڈیشنل سیکرٹری گورنر آفس ڈاکٹر انوار کھرل بھی موجود تھے۔



