انٹر نیشنل

سری لنکا: جنگلی حیات کی تاریخ کا بدترین حادثہ، مسافر ٹرین کی ٹکر سے 6 ہاتھی ہلاک

دیگر ہاتھی شدید زخمی حالت میں خوف زدہ ہوکر جنگل کی جانب بھاگ گئے:پولیس

کولمبو(سی این این اردو ڈاٹ کام)سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے تقریباً 180 کلومیٹر مشرق میں واقع ہبارانا میں وائلڈ لائف ریزرو کے قریب مسافر ٹرین کی ٹکر سے 6 ہاتھی ہلاک ہوگئے، اسے جنگلی حیات کی تاریخ کا بد ترین حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ٹرین نے اس وقت ہاتھیوں کو کچلا، جب وہ ریلوے ٹریک سے گزر رہے تھے، اس دوران ٹرین کی بوگی بھی پٹڑی سے اتر گئی۔

حکومت کی ترجمان اور میڈیا کی وزیر نلندا جے ٹیسا نے صحافیوں کو بتایا کہ حادثے میں ہاتھیوں کے 3 بچے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہاتھیوں کا ٹرینوں سے کچلے جانا غیر معمولی بات نہیں، لیکن ہماری توجہ اس معاملے پر مرکوز ہے کیوں کہ ان کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ 2 دیگر ہاتھی شدید زخمی حالت میں خوف زدہ ہوکر جنگل کی جانب بھاگ گئے۔جے ٹیسا نے کہا کہ حکومت جزیرے کے کم آبادی والے جنگلاتی علاقوں میں ٹرینوں سے متاثر ہونے والے جنگلی جانوروں کی تعداد کو کم کرنے کے لیے نئے میکنزم پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کی رفتار کم کرنے کے تمام نظام ناکام ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ سری لنکا میں ہاتھیوں کو مارنا یا نقصان پہنچانا مجرمانہ فعل ہے، جہاں ایک اندازے کے مطابق 7 ہزار جنگلی ہاتھی ہیں۔

بدھا ثقافت میں جانوروں کی اہمیت کی وجہ سے جزوی طور پر انہیں ’قومی خزانہ‘ سمجھا جاتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button