لاہور(بیورو چیف )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کا تسلسل ملکی ترقی، استحکام اور آئینی نظام کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی اور آئین کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں جبکہ پارٹی کارکن اس کا حقیقی سرمایہ ہیں۔
وہ گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر کی قیادت میں آنے والے پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
25 جولائی کے جلسے میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ ہوگا
گورنر پنجاب نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کو لاہور میں ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے میں پارٹی اپنی عوامی قوت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لاہور سمیت پورے پنجاب میں دوبارہ فعال اور متحرک ہو چکی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں حیران کن نتائج دے گی۔
کشمیر انتخابات میں کامیابی کی امید
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت بنانے میں کامیاب ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ کے ذریعے مستقبل میں وزیراعظم پاکستان بنیں گے۔
کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں
گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ گلی، محلوں اور شہروں میں جا کر پارٹی کو مزید مضبوط کریں اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام عوام تک پہنچائیں۔
کارکنوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
ملاقات کے دوران پارٹی کارکنوں نے گورنر پنجاب کو اپنے مختلف مسائل سے آگاہ کیا، جس پر سردار سلیم حیدر نے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔



