لاہور (بیورو چیف): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار امن، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے عوام کو بلاتفریق اور بروقت انصاف کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، جسے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں میانوالی بار ایسوسی ایشن کے صدر امیر اسلم خان اور پاکستان لائرز فورم (PLF) پاکپتن کے وکلا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صدر پی ایل ایف لاہور ڈویژن میاں شاہد عباس بھی موجود تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی عدالتی اور جمہوری تاریخ میں وکلا کی جدوجہد ایک روشن باب ہے۔ عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے وکلا برادری نے ہر دور میں قربانیاں دیں اور آئین و قانون کی سربلندی کے لیے مؤثر آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ وکلا برادری اور پاکستان پیپلز پارٹی کا تعلق محض سیاسی نہیں بلکہ نظریاتی اور تاریخی ہے۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ وکلا کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ہر مشکل وقت میں ان کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے وکلا برادری کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
سردار سلیم حیدر نے پاکستان لائرز فورم (PLF) کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورم نے عدلیہ کی آزادی، جمہوری اقدار کے فروغ اور آئینی بالادستی کے لیے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے مختصر عرصے میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا اور بھارت کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نئی نسل کے لیے امید کی کرن اور ایک باصلاحیت قومی رہنما ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود بھی پیپلز پارٹی کے ایک نظریاتی کارکن ہیں، اپنی سیاسی زندگی کا آغاز اسی جماعت سے کیا اور اپنی سیاسی وابستگی کا اختتام بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہی کریں گے۔
ملاقات کے دوران میانوالی بار کے نمائندوں نے گورنر پنجاب کو میانوالی بار ایسوسی ایشن کے دورے کی دعوت دی، جسے گورنر نے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد میانوالی کا دورہ کریں گے اور وکلا برادری سے براہ راست ملاقات کریں گے۔



