لاہور (محمد زبیر اسلم) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مافیاز حکومتی سرپرستی میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، جبکہ پنجاب میں غربت میں 41 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت 200 سے 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے اور عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔
سانحہ لاہور پر حکومت کو شدید تنقید
لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک واقعے کے بعد جائے حادثہ کا دورہ کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کی مرمت کے بجائے انہیں آؤٹ سورس کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب میں سیکڑوں سکول اور سرکاری عمارتیں خستہ حال ہیں، لیکن ان کی بحالی پر توجہ نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم شہباز شریف کا حلقہ ہے، مگر یہاں بھی بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے۔ پنجاب میں متعدد بستیاں بنیادی شہری سہولیات سے محروم ہیں، اس لیے حکمرانوں کو اپنا طرز حکمرانی تبدیل کرنا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی سانحہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
مافیاز حکومتی سرپرستی میں عوام کو لوٹ رہے ہیں
منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا اور جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت مافیاز کی سرپرستی کر رہی ہے، جس کی وجہ سے عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مافیا پہلے کسانوں سے سستی گندم خریدتا ہے اور پھر عوام کو مہنگا آٹا فروخت کرکے اربوں روپے کماتا ہے، جبکہ حکومت ان عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
پنجاب میں غربت اور مہنگائی میں اضافہ
حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں غربت میں 41 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق کرپشن، بدعنوانی اور استحصالی نظام نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع بھی محدود ہوتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے اور پٹرول کی قیمت 200 سے 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز مافیا اور دیگر مفاد پرست عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔
فارم 47 اور عوامی مینڈیٹ پر اعتراض
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے اور فارم 47 کے ذریعے انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے، جس سے جمہوری نظام اور ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم، مہنگائی، کرپشن اور ناانصافی کے خلاف اپنی پرامن، منظم اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی اور جلد عوامی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کیا جائے گا۔
آزاد کشمیر اور قومی مسائل
حافظ نعیم الرحمان نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور عوامی مینڈیٹ کے احترام میں ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ جماعت اسلامی کی رکنیت سازی اور عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ملک میں مثبت سیاسی تبدیلی لائی جا سکے۔



