انسانی سمگلنگ ،ویزافراڈ ، 2اشتہاری گرفتار،عدالتی ریکارڈ ٹیمپر کرنیوالے کو قید

لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کی کاروائیاں، مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 انسانی اسمگلر گرفتار ملزمان میں راحیل احمد اور ریاض حسین شامل ہیں ۔ ملزمان کو چھاپہ مار کاروائیوں میں لاہور اور اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ورک ویزوں کا جھانسہ دیکر مجموعی طور پر 53 لاکھ روپے ہتھیائے۔ ملزم راحیل احمد ایف آئی اے لاہور کو سال 2018 سے مطلوب تھا ،ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور کی بڑی کامیابی، عدالتی ریکارڈ میں رد و بدل اور رشوت ستانی میں ملوث ملزم کو سزا۔ ملزم نے عدالتی ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کر کے جعلی بریت کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔ ملزم نے جعلی عدالتی حکم نامہ جاری کرنے کے عوض ایک لاکھ روپے رشوت وصول کی تھی۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 117/2013 بدعنوانی اور جعلسازی کی دفعات کے تحت درج کی گئی تھی۔
سپیشل جج سنٹرل-II لاہور نے ملزم کو نو ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم مزید چھ ماہ قیدِ سادہ بھگتے گا۔مقدمے کی کامیاب پیروی اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) ایف آئی اے لاہور اقراء الطاف نے کی۔
مزید براں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی بڑی کاروائی ،غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ،ایف آئی اے کی چھاپہ مار کاروائی کے دوران دو ملزمان محمد ذیشان اور احسن ذوالفقار غازی روڈ لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ۔
ملزمان کے خلاف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ایکٹ 1996 اور تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج مزید تفتیش جاری ہے۔



