اسحاق ڈار کی بیجنگ میں ملاقاتیں: پاک، چین شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق
نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو نے چین کیلئے پاکستانی حمایت کو سراہا، قیادت اور عوام کیلئے نئے سال کی نیک تمنائوں کا اظہار
بیجنگ(ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو شیانگ سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاک، چین سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دورہ چین کے دوران ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو شیانگ سے ملاقات کی ہے، چینی نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو شیانگ نے چین کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کو سراہا۔
دونوں رہنمائوں نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا، اس سنگ میل کو تعاون کے فروغ، بشمول سی پیک موثر طور پر بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی نائب وزیراعظم کا پاکستان کی قیادت اور عوام کیلئے نئے سال کی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ لیو ہائیکسنگ سے بھی ملاقات کی اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران رہنمائوں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور مستقبل میں دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کو مشترکہ طور پر شایان شان انداز میں منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں 2026ء کے دوران مختلف تقریبات اور یادگاری سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں نائب وزیراعظم بھی شرکت کریں گے۔
مزید براں اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دوران گفتگو پاکستان بنگلہ دیش تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بدلتی صورتحال کے تناظر میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد بن حاجی حسن کے ساتھ بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے حالیہ علاقائی پیش رفت بشمول ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے مسلسل مشاورت کی اہمیت پر زور دیا اور تمام سطحوں پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ پاک چین وزرائے خارجہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی۔ مذاکرات میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جامع جائزہ لیا گیا جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ پر تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کا اہم ستون ہے اور اس سے خطے میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
اسحاق ڈار اور وانگ یی نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاک، چین دوستی خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ اور ہم آہنگی مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ مذاکرات میں پاک، چین سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے کے موقع پر انہیں شایانِ شان اور یادگار انداز میں منانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت سال بھر مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔



