انٹر نیشنلپاکستان

کے پی کے عوام سے سوتیلی ماں جیسا سلوک، این ایف سی اجلاس منسوخی پر شدید ردعمل

اسلام آباد / پشاور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کا اہم اجلاس بغیر کسی وجہ کے منسوخ کر دیا گیا۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر اور مشیر خزانہ مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اہم قومی معاملات پر صوبوں کو اعتماد میں نہیں لے رہی اور فیصلے بند کمروں میں کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی اجلاس میں خیبرپختونخوا کو اپنے مالی حقوق کا مقدمہ پیش کرنا تھا مگر اجلاس کی منسوخی نے شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے۔ ان کے مطابق ایسے فیصلوں کے اثرات صرف ایک صوبے تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک پر مرتب ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ہیں اور عالمی طاقتیں پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بارے میں فیصلہ صرف عوام کریں گے اور ملک میں حقیقی آزادی عوامی طاقت سے حاصل کی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، جبکہ انہیں کسی بھی اہم فیصلے میں شامل نہیں کیا جا رہا۔

وزیراعلیٰ نے توانائی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اقدامات ماضی میں کورونا دور کے دوران کیے جا چکے ہیں، تاہم اس بار اپوزیشن سے مشاورت نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت قرضے لے کر مہنگے منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے جبکہ عوامی ریلیف کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ این ایف سی کے تحت وسائل کی تقسیم غیر متوازن ہے۔ ان کے مطابق پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام پر بھاری بوجھ ڈالا جا رہا ہے جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو مجموعی طور پر کم حصہ مل رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں کٹوتیوں سے صوبوں کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام کو اصل معاشی صورتحال سے آگاہ نہیں کیا جا رہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button