پاکستانتازہ ترین

کم آمدن طبقات کیلئے ریلیف اقدامات تیز، صوبوں سے تجاویز طلب

وزیراعظم نے پٹرولیم سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کر دی، کفایت شعاری اقدامات کے تحت ریلیف جاری رکھنے پر زور

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کم آمدن والے طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت مکمل کرکے حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کم آمدن طبقات کو ریلیف دینے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ متعلقہ وزارتیں صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد جامع اور قابل عمل تجاویز تیار کریں تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ وزیراعظم کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں میں وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے کم آمدن طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور مکمل سپلائی چین کی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور دیگر اقدامات کے ذریعے مجموعی طور پر 129 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جس سے عوام پر مالی بوجھ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

اجلاس میں وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

حکومتی حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں صوبوں کی مشاورت کے بعد حتمی سفارشات مرتب کرکے عوام کیلئے مزید ریلیف اقدامات کا اعلان متوقع ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button