لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر شہری کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے ایک جامع اور جدید منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو پانچ روز کے اندر فول پروف پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
پنجاب صاف پانی اتھارٹی کی ازسرنو تنظیم نو کا فیصلہ
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ "ستھرا پنجاب” منصوبے کی طرز پر صاف پانی اتھارٹی کو مکمل طور پر فعال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ادارے کو جدید ٹیکنالوجی، ضروری ہیومن ریسورس، ٹرانسپورٹ اور انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ صاف پانی کا منصوبہ ان کے دل کے بے حد قریب ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
جاپانی اور چینی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ
اجلاس میں پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی کنسلٹنسی کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ جدید جاپانی اور چینی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
منصوبے کے تحت مختلف علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید آر او پلانٹس اور واٹر فلٹریشن سسٹمز نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ پانی میسر آ سکے۔
فلٹریشن پلانٹس کی نگرانی مزید مؤثر ہوگی
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں قائم تمام فلٹریشن اور آر او پلانٹس پر پلانٹ آئی ڈی، آپریٹر کا نام، فون نمبر اور اوقات کار واضح طور پر درج کیے جائیں تاکہ عوام کو معلومات تک آسان رسائی حاصل ہو۔
انہوں نے پنجاب بھر میں موجود 5 ہزار 734 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت، دیکھ بھال اور مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے ضرورت کے مطابق مزید فلٹریشن پلانٹس لگانے کا بھی حکم دیا۔
دور دراز علاقوں میں موبائل بوٹلنگ پلانٹس
اجلاس میں دور افتادہ علاقوں میں موبائل بوٹلنگ پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فعال موبائل بوٹلنگ پلانٹس سے روزانہ 2 ہزار 400 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے تمام ٹرکوں اور پلانٹس کی مؤثر مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا۔
ہر ضلع اور تحصیل تک منصوبے کی توسیع
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک بڑھایا جائے تاکہ ہر شہری کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ "ستھرا پنجاب” منصوبے کے بعد اب ہر گھر تک صاف پانی پہنچانا ان کی حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے۔
ارکان اسمبلی سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، حلقوں کے مسائل اور عوامی فلاحی پروگراموں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ارکان اسمبلی نے آزاد کشمیر کے حلقہ میرپور میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی اور پنجاب میں 588 الیکٹرک بسوں کی فراہمی، صاف پانی منصوبے اور دیگر ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔
مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کو گڈ گورننس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ترقیاتی منصوبوں میں ملک کا مثالی صوبہ بنایا جائے گا، جبکہ جلد ہی تمام اضلاع اور تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں بھی چلائی جائیں گی۔
کوئٹہ کان حادثے پر اظہار افسوس
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے کوئٹہ میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کان میں پھنسے افراد کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے دعا بھی کی۔



