لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گندم سٹاک ڈیکلیئر نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ رواں سال صوبے میں 22 ملین میٹرک ٹن سے زائد گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت گندم، زراعت اور فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم کی دستیابی، سپلائی چین اور قیمتوں کے استحکام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں گندم کے ایک ایک دانے کو محفوظ بنانے کیلئے اے آئی بیسڈ ایڈوانس لائیو ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے گندم کی طلب، رسد، ذخائر اور سپلائی چین کی روزانہ بنیادوں پر ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
گندم سٹاک ڈیکلیئر کرنا لازمی قرار
اجلاس میں تمام لائسنس یافتہ ایگریگیٹرز اور اسٹاکرز کیلئے گندم کا سٹاک ڈیکلیئر کرنا لازمی قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دو ہفتوں کے اندر سٹاک تفصیلات فراہم نہ کرنے والوں کے خلاف اینٹی ہورڈنگ ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایمانداری سے گندم سٹاک ڈیکلیئر کرنے والے ایگریگیٹرز کو حکومت کی جانب سے خصوصی سہولیات اور مراعات دی جائیں گی۔
سستا آٹا اور روٹی کی قیمتوں پر کنٹرول کی ہدایت
مریم نواز نے محکمہ خوراک کی مکمل اوور ہالنگ اور ری ویمپنگ کا حکم دیتے ہوئے عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے اور روٹی و نان کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کی سخت ہدایت کی۔
انہوں نے کسانوں، فلور ملرز، ایگریگیٹرز اور بڑے اسٹاکرز کو کاروباری آسانیاں فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور پائیدار ترقی کی روشن مثال ہے۔
ثقافتی تنوع قومی شناخت قرار
ثقافتی تنوع برائے مکالمہ و ترقی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں، زبانوں اور روایات کا حسین امتزاج ہے جبکہ ثقافتی تنوع قومی شناخت اور تہذیبی ورثہ ہے۔



