لاہور:(سید ظہیر نقوی /بیوروچیف)میو ہسپتال میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا، ساؤتھ میڈیکل وارڈ اور ایسٹ میڈیکل وارڈ کے درمیان واقع دروازے جو گزشتہ تقریباً بیس سال سے بند تھے مبینہ طور پر بااثر افراد کی مداخلت سے کھول دیے گئے ہیں جس کے بعد ہسپتال میں غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت بڑھ گئی ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق دروازے کھلنے کے باعث جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی آمدورفت میں اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس سے قیمتی ادویات اور ہسپتال کے دیگر سامان کی چوری کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ طبی عملے کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کے اس خلا کے باعث ہسپتال کے ماحول اور نظم و ضبط پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ہسپتال ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دروازے کھلنے کے بعد آوارہ کتوں کی اسپتال کے مختلف حصوں میں آمد بھی بڑھ گئی ہے جس سے مریضوں، تیمارداروں اور عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے ماضی میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر میو ہسپتال کے متعدد داخلی راستے بند کر رکھے تھے تاکہ غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت کو محدود رکھا جا سکے۔اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کے سنگینی کو دیکھتے ہوئے دروازے بند کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔



