لاہور ( بیورو چیف)کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں ایک ماہ کے دوران 286انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے، ان کارروائیوں کے دوران 26دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔
آپریشن لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، خوشاب، میانوالی اور دیگر شہروں میں کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق لاہور سے القاعدہ سے تعلق رکھنے والا ایک دہشتگرد بھی گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان سے دھماکہ خیز مواد، 3آئی ای ڈی بم اور 19ڈیٹونیٹر برآمد کیے گئے۔ گرفتار دہشتگردوں کی شناخت عرفان، ضامن علی، مجاہد علی، فیصل اور دیگر ناموں سے ہوئی ہے۔
ملزم مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک ماہ کے دوران 4662کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن میں 538مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔



