لاہور(سلمان حسین)پاکستان آرمی اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت نیشنل کوچنگ سنٹر پاکستان سپورٹس بورڈ میں لاہور ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لاہور ڈسٹرکٹ انٹر کلب باکسنگ چمپئن شپ منعقد کی گئی۔جس میں 13 باکسنگ کلبوں کے 150 سے زائد میل اینڈ فی میل باکسرز نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں چیئرپرسن ڈور آف اویرینس ربا ہمایوں ،سابق انٹرنیشنل باکسر زسلیم بٹ ، ذیشان بٹ ،سابق قومی باکسرز طارق میر ، سلیم لعل ، پرویز مسیح ،وسیم اورطارق علی سمیت باکسنگ آفیشلز اور کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انٹر کلب باکسنگ چمپئن شپ میں وحدت باکسنگ کلب، وسیم ٹاچی باکسنگ کلب ، یو ایم ٹی باکسنگ کلب اور پی یو باکسنگ کلب کے باکسرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں ۔
لاہور ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ذیشان بٹ ، سلیم بٹ،طارق میر ، سلیم لعل اور ربا ہمایوں نے باکسرز میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔سابق انٹرنیشنل باکسر سلیم بٹ نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹر کلب باکسنگ چمپئن شپ کے انعقاد سے اس بات کا اندازہ بخوبی ہوگیا ہے کہ لاہورمیں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
سابق قومی باکسر طارق میر نے کہا کہ انٹر کلب باکسنگ چمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے ،پاکستان کے نوجوانوں میں باکسنگ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے یہ چمپئن شپ باکسنگ کھیل کے فروغ اور نوجوان نسل کے شوق اور صلاحیتوں کو نئی جلا بخشے گی۔ سابق قومی باکسرسلیم لعل نے کہا کہ یہ ایک کامیاب ایونٹ تھا جس کی بدولت نوجوان باکسرز کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے اور نکھارنے کا موقع ملاہے۔۰



