پاکستانی فٹبال کی دھوم،خلا میں بھی شاندار انٹری،سائنسدان کیوں ہو گئے حیران؟

لاہور:(سلمان حسین)فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے لیے پاکستان میں تیار کی گئی جدید ٹیکنالوجی سے لیس فٹبال’ٹریونڈا‘ اب صرف فٹبال گراؤنڈز تک محدود نہیں رہی بلکہ خلاء میں پہنچ گئی ہے۔
امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں خلاء بازوں کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں فیفا ورلڈکپ کی جدید فٹبال سے کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
خلاء بازوں نے اسٹیشن کے اندر فٹبال سے کھیل کر یہ جاننے کی کوشش کی کہ ایڈیڈاز کی ڈیزائن کردہ فٹبال مائیکرو گریویٹی میں کیسا برتاؤ کرتی ہے۔
اس تجربے کا مقصد یہ سمجھنا تھا کہ فٹبال کا توازن اور وزن کھیل کے دوران اس کی حرکت کو کیسے متاثر کرتا ہے۔
امریکی خلائی ادارے کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ اس سے قبل یہ تجربہ 2019ء میں بھی کر چکے ہیں، تجربے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ توازن میں فرق سے فٹبال کی حرکت متاثر ہو سکتی ہے۔



