پاکستانتازہ ترینسپورٹس

ٹی20 ورلڈ کپ، ICCکا متنازعہ فیصلہ، بنگلہ دیش باہر: یہ زیادتی، پاکستان

ICCسے زیادہ حکومت کے تابع، دہرا معیار اختیار کیا، ایک ملک کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا، پاک، بھارت میچز کیلئے ہائبرڈ نظام اپنایا جا سکتا ہے تو بنگلہ دیش کے لئے کیوں نہیں، چیئرمینPCB

لندن، ڈھاکہ ،لاہور( ویب ڈیسک،سلمان حسین) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ کو باضابطہ شامل کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش ٹیم کے بھارت میں کھیلنے سے انکار کے بعد آئی سی سی نے سکاٹ لینڈ کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026میں جگہ دے دی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئی سی سی نے چند روز قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو24گھنٹے کی مہلت دی تھی، تاہم مقررہ وقت میں معاملات حل نہ ہو سکے اور بالآخر آئی سی سی نے حتمی قدم اٹھا لیا۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے گزشتہ روز آئی سی سی بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ بنگلہ دیش کے مطالبات آئی سی سی پالیسی کے مطابق نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش آئی سی سی بورڈ کے فیصلے پر عملدرآمد میں ناکام رہا، اسی بنیاد پر سکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ خط بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کو بھی ارسال کیا گیا ، جو آئی سی سی بورڈ کے رکن ہیں۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کو انڈیا میں کسی بھی قسم کے سکیورٹی خطرے کی قابل تصدیق ثبوت نہ ملنے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ سکاٹ لینڈ کو بھی باضابطہ دعوت نامہ ارسال کیا گیا ہے۔ نئی ٹیم کو انگلینڈ، اٹلی، نیپال اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ گروپ سی میں شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکاٹ لینڈ کو یہ موقع ماضی کے آئی سی سی ایونٹس میں کارکردگی اور موجودہ عالمی درجہ بندی ( 14ویں نمبر) کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا تھا اور اپنے میچ بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ٹی 20ورلڈ کپ کا آغاز 7فروری سے بھارت اور سری لنکا میں ہو رہا ہے۔مزید برآں ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے حوالے سے آئی سی سی کا فیصلہ قبول کرلیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بی سی بی کی جانب سے تنازعے کو اب طول نہ دینے کا امکان ہے۔دریں اثنا آئی سی سی نے ٹی 20ورلڈکپ کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس میں سکاٹ لینڈ کے میچز کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
سکاٹ لینڈ اپنا پہلا میچ 7فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا، دوسرے میچ میں سکاٹ لینڈ 9فروری کو اٹلی کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ آئی سی سی کے مطابق یہ میچ مقررہ شیڈول کے مطابق مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ سکاٹ لینڈ کے شائقین کے لیے یہ معلومات اہم ہیں تاکہ وہ اپنی ٹیم کے میچ دیکھنے اور سپورٹ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کر سکیں۔ ٹی 20ورلڈ کپ کا نیا شیڈول عالمی کرکٹ شائقین کے لئے دلچسپی کا باعث ہے اور ہر ٹیم کے میچز کے دن اور وقت کی تفصیلات آئی سی سی کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔ اس سے پہلے شائقین نے پرانے شیڈول کے مطابق اپنے سفر اور دیکھنے کے انتظامات کیے تھے، لیکن اب نئے شیڈول کے مطابق ہر ٹیم کی تیاری اور مقابلے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
دوسری طرف چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) و وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے تابع ہیں اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم کی آمد کے منتظر ہیں، پہلے حکومت فیصلہ بتادے پھر پلان اے بی سی تیار ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، یہ دہرا معیار ہے، ایک ملک کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔ ڈکٹیشن ہوئی تو پھر پاکستان کا بھی ایک موقف ہے اور پاکستان اپنے موقف پر قائم رہے گا۔
بنگلہ دیش آئی سی سی میں برابر کی حیثیت کا ملک ہے، اگر پاکستان کے ساتھ معاملے میں بھارت کو فیور دی گئی تو بنگلہ دیش کو بھی ملنی چاہئے۔اگر پاکستان اور انڈیا کے میچز کے لئے ہائبرڈ نظام اپنایا جا سکتا ہے تو بنگلہ دیش کے لئے کیوں نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر بائیکاٹ کا فیصلہ ہوتا ہے تو ہمارے پاس بہت سارے متبادل منصوبے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button