پاکستانتازہ ترینسپورٹس

ٹی20ورلڈ کپ تنازع: اظہار یکجہتی پر ’’ شکریہ پاکستان‘‘: بنگلہ دیش کا ردعمل

لاہور ( سلمان حسین) وزیر اعظم شہباز شریف کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے متعلق دبنگ بیان پر بنگلہ دیش کا ردعمل بھی آگیا۔ وزیر برائے نوجوانان و کھیل ڈاکٹر آصف نذرل نے ایک پیغام میں ’’ شکریہ پاکستان‘‘ کہا ہے۔
آصف نذرل نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کے بعد پاکستان نے بھارت کے خلاف اپنا میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تاکہ بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار حمایت کیا جا سکے۔ بنگلہ دیشی وزیر کھیل نے مزید لکھا کہ وزیراعظم پاکستان نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ کھیل میں سیاست کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہئے اور یہ فیصلہ بنگلہ دیش کے حق میں سوچ سمجھ کر کیا گیا۔
آصف نذرل نے لکھا کہ یہ صورتحال عالمی کرکٹ میں سکیورٹی، انتظامی شفافیت اور کھیلوں میں غیر جانبداری کے حوالے سے ایک نیا سفارتی پہلو پیدا کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے 22جنوری کو حفاظتی خدشات کے پیش نظر ورلڈ کپ سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے ساتھ آئی سی سی نے منصفانہ سلوک نہیں کیا۔ بنگلہ دیش کے واپس ہونے کے بعد سکاٹ لینڈ نے اس کی جگہ ٹورنامنٹ میں جگہ بنائی۔
سکاٹ لینڈ گروپ سی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، اٹلی اور نیپال کے ساتھ شامل ہے اور اس کا پہلا میچ ایڈن گارڈنز، کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 7فروری کو ہوگا۔مزید برآں بنگلہ دیش نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے بھارت میں کھیلنے سے انکار پر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے کے بعد اپنا ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ شروع کر دیا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے 3ٹیموں پر مشتمل Odommo Bangladesh T20 Cupکے نام سے ایک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا آغاز کر دیا ہے۔ آج 5فروری سے شروع ہونیوالا یہ ٹورنامنٹ خاص طور پر ان کھلاڑیوں کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت جانے سے محروم ہوگئے تھے، کیونکہ بنگلہ دیش کی حکومت نے ٹیم کو بھارت کھیلنے سے روک دیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کی ٹیمیں Dhumketu XI، Durbar XIاور Duronto XIہیں، جن کی قیادت بالترتیب بنگلہ دیشی کرکٹر لٹن داس، نجمُل حسین شانٹو اور اکبر علی کر رہے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button