انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول کے زیرِ اہتمام “سنچری ٹیک ایکسیلینس ایوارڈز 2026” کی پروقار تقریب

قونصل جنرل حسین محمد مہمانِ خصوصی، عالمی چیمپئن طلبہ، اساتذہ اور ادارے کی شاندار کامیابیوں کو خراجِ تحسین

دبئی (حافظ زاہد علی )انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول دبئ کے زیرِ اہتمام “سنچری ٹیک ایکسیلینس ایوارڈز 2026” کی ایک شاندار، باوقار اور یادگار تقریب پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی (PEA) آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ، اساتذہ اور شعبہ جاتی سربراہان کو اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب کا مقصد ان طلبہ کی غیر معمولی کامیابیوں کا اعتراف کرنا تھا جنہوں نے دنیا کے 72 ممالک اور 1,500 سے زائد اسکولوں کے درمیان منعقد ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں میں عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرکے انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول، متحدہ عرب امارات اور اپنی کمیونٹی کا نام روشن کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد تھے۔ اس موقع پر پاکستان ایجوکیشنل اینڈ کلچرل بورڈ کے چیئرمین حسن ابراہیم ہوکل، وائس چیئرمین محمد راشد اشرف، پریس قونصلر صالح محمد، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان، پرنسپل پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی شمائلہ احمد، بورڈ آف گورنرز کے اراکین، تعلیمی شخصیات، والدین اور کمیونٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز رجسٹریشن، متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے، تلاوتِ قرآنِ پاک اور استقبالیہ کلمات سے ہوا، جس کے بعد “دی ورلڈ چیمپئن اسٹوری” کے عنوان سے خصوصی ویڈیو پیش کی گئی۔ بعد ازاں اسکول کے پرنسپل محمد عاطف نے ادارے کی عالمی کامیابیوں پر روشنی ڈالی، جبکہ گورنر اور مہمانِ خصوصی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

رنگا رنگ تقریب میں ننھے طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے، جبکہ مختلف جماعتوں کے طلبہ نے “چیمپئنز آف لرننگ” کے عنوان سے اپنی کامیابیوں، تجربات اور عالمی اعزازات کے سفر پر مبنی متاثرکن پریزنٹیشن پیش کی، جسے حاضرین نے بھرپور داد دی۔

بعد ازاں FS2 سے Year 9 تک نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں سنچری ٹیک ایکسیلینس ایوارڈز تقسیم کیے گئے، جبکہ بہترین خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان کو بھی خصوصی ایکسیلینس ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ورلڈ چیمپئن ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کی گئی، جبکہ مہمانِ خصوصی قونصل جنرل حسین محمد کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

اپنے خطاب میں پرنسپل محمد عاطف نے کہا کہ انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول کا وژن صرف معیاری تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ طلبہ میں ایسی عالمی صلاحیتیں پیدا کرنا ہے جو انہیں ہر شعبۂ زندگی میں کامیابی سے ہمکنار کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی یہ کامیابیاں اساتذہ کی انتھک محنت، والدین کے اعتماد اور ادارے کے اعلیٰ تعلیمی معیار کا عملی ثبوت ہیں۔

مہمانِ خصوصی قونصل جنرل حسین محمد نے اپنے خطاب میں عالمی چیمپئن بننے والے طلبہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت نوجوان پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے روشن مستقبل کی حقیقی امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ نہ صرف اپنے ادارے بلکہ پورے پاکستانی معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور والدین کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم ہی ترقی یافتہ قوموں کی بنیاد ہوتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے اسکول انتظامیہ، تدریسی عملے اور والدین کی مشترکہ کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور عالمی چیمپئن طلبہ کے روشن مستقبل، اعلیٰ تعلیم اور عملی زندگی میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شرکاء نے تقریب کے شاندار انتظامات، باوقار ماحول اور عالمی معیار کی کامیابیوں کے اعتراف میں منعقد کی جانے والی اس یادگار تقریب کو انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول کی تعلیمی روایات کا ایک قابلِ فخر سنگِ میل قرار دیاگیا

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button