اسرائیلی حملے ،مزید46شہید، فلسطینی تنظیموں کی دنیا بھر میں ہڑتال کی اپیل
اسرائیلی جرائم کا احتساب کیا جانا ناگزیر:مشترکہ بیان، یاہو آج امریکہ کا دورہ کریں گے،فرانسیسی صدر کی مصری اور اردنی رہنماؤں سے قاہرہ میں ملاقات متوقع
غزہ :(ویب ڈیسک) اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز طیاروں کی بمباری اور ڈرون حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 46فلسطینی شہید اور 107زخمی ہو گئے، علاوہ ازیں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے آج دنیا بھر میں ہڑتال کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صیہونی طیاروں نے غزہ کے علاقوں خان یونس، دیر البلح اور غزہ شہر میں تباہ کن بمباری کی جبکہ ڈرون حملے بھی کیے گئے، جن میں نہتے فلسطینیوں اور محفوظ قرار دیے گئے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بات واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ کو مکمل محاصرہ کر رکھا ہے اور گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اشیائے خورونوش اور فیول جانے کی اجازت نہیں دے رہا۔
دریں اثنا فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیل کے جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے خلاف آج پیر کو دنیا بھر میں عام ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ تنظیموں نے مشترکہ بیان میں غزہ میں جنگ کے خاتمے کیلئے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو متحد کرنے کی اہمیت پر زور دیا جبکہ غزہ میں اسرائیلی جرائم اور فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا احتساب کرنے پر بھی زور دیا
یہ اپیل ایسے موقع پر کی گئی ہے جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو آج پیر کو امریکہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیتن یاہو دورہ صدر ٹرمپ سے ملاقات میں ٹیرف، ایران سے خطرہ، غزہ کی جنگ، یرغمالیوں کی واپسی، عالمی فوجداری عدالت کے خلاف اقدامات،ترکی اور اسرائیل کے تعلقات سمیت دیگر امور پر بات چیت کریں گے۔
علاوہ ازیں فرانسیسی صدر آج پیر کو قاہرہ میں مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی اور شاہ اردن عبداللہ دوم سے ملاقات کریں گے جس میں غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔



