سی سی ڈی کے مقابلے جاری،لاہور، جہلم،فیصل آباد میں5ملزم ہلاک
ملزمان سبحان،سعید احمد،رحیم خان،سجادحیدراورذوالفقار دہشت گردی، قتل اور ڈکیتی سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھے:ترجمان سی سی ڈی
لاہور:(بیوروچیف )لاہور سمیت مختلف شہروں میں5ملزم ہلاک ہوگئے۔ سی سی ڈی کوتوالی کے مطابق سنگین وارداتوں میں مطلوب ملزم مارا گیا، پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی شناخت سبحان کے نام سے ہوئی ہے۔
سی سی ڈی ملزم سبحان کو نشاندہی کیلئے کرول پنڈ لے کر جارہی تھی،ساتھیوں نے ملزم کو چھڑانے کیلئے فائرنگ کردی ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا ملزم سبحان ڈکیتی، قتل اور اقدام قتل کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔
جہلم میں سی سی ڈی نے ایک اور کارروائی میں پشاور سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا،ترجمان سی سی ڈی کے مطابق جہلم میں گولپورکے قریب مشکوک کار سواروں نے سی سی ڈی ٹیم پر حملہ کیا، ٹیم نے رکنے کا اشارہ کیا تھا جس پرکار سواروں نے فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق گولپور پل پر فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا، فائرنگ سے کانسٹیبل کوگولی لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہا، جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان کاریں چھوڑکر جنگل کی جانب فرار ہوگئے۔
سی سی ڈی ٹیم نے تعاقب کر کے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں پکڑ لیا، تاہم زخمی سعید احمد اور رحیم خان ہسپتال میں دم توڑگئے، دونوںکا تعلق پشاور سے تھا، اور دونوں سابقہ ریکارڈ یافتہ نکلے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دہشت گردی، قتل اور ڈکیتی سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔
دریں اثنا فیصل آبادکے تھانہ صدر کے علاقہ خانوآنہ بائی پاس کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے دونوں ڈاکو ریکارڈ یافتہ نکلے۔ملزمان کی شناخت سجاد حیدر اور ذوالفقار ساکنان ننکانہ کے ناموں سے ہوئی جو ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔ تاہم مضروبان کو طبی امدادکیلئے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ دونوں راستے میں ہی دم توڑ گئے۔



