فخر زمان چیمپئنز ٹرافی سے آئوٹ ، پاکستانی ٹیم دبئی پہنچ گئی
امام الحق متبادل ہونگے، روایتی حریف بھارت کا 23 فروری کو پاکستان سے ٹاکرا
لاہور(سلمان حسین ) پاکستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ کیلئے دبئی پہنچ گئی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بورڈ آفیشلز بھی دبئی پہنچ چکے ہیں۔ کرکٹ بورڈ آفیشلز پاک بھارت میچز کے انتظامات کو ممکن بنائیں گے۔
پاکستان ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا جبکہ آج آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس کریگی۔ چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی میچ میں فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
قومی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف 23 فروری کو ہونے والے ہالی وولٹیج ٹاکرے کے لیے کراچی سے دبئی کے لیے روانہ ہو گئی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی فخر زمان کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے فخر زمان کی جگہ امام الحق کا چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی ٹیم میں شمولیت کا قوی امکان ہے ۔ آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے فخر زمان کے متبادل کھلاڑی کا باضابطہ اعلان بھی کیا جائے گا۔



