وزیر خزانہ کی سیویل کانفرنس کے موقع پر ملاقاتیں، سٹریٹجک شراکت داریوں کو فروغ دینے پر زور
سیویل (ویب ڈیسک)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سپین کے شہر سیویل میں جاری چوتھی بین الاقوامی کانفرنس برائے فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ ( ایف ایف ڈی فور))کے موقع پر مختلف ممالک اور عالمی اداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد ترقیاتی مالیات، تجارت، ماحولیاتی استحکام اور ادارہ جاتی اصلاحات جیسے شعبوں میں پاکستان کی شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
وزیر خزانہ نہ صرف کانفرنس کے مرکزی اجلاسوں بلکہ مختلف ضمنی نشستوں، پالیسی مکالموں اور شراکتی گول میز مباحثوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ دو طرفہ ملاقاتوں کے سلسلہ میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نیدرلینڈز کے وزیر خزانہ ایلکو ہائینن سے تفصیلی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر گفتگو ہوئی۔
وزیر خزانہ نے دورہ کے دوران عالمی بینک کے سینئر مینجنگ ڈائریکٹر ایکسل وان ٹراٹسنبرگ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہا ۔ دورہ کے دوران وزیر خزانہ نے بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی کے صدر الوارو لاریو سے بھی ملاقات کی، جو دیہی ترقی اور خوراک کے نظام کی اصلاح پر کام کرنے والا اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور آئی ایف اے ڈی کے دیرینہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا جن کے تحت اب تک 29منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں جن سے تقریباً 28لاکھ دیہی گھرانے مستفید ہوئے۔ وزیر خزانہ نے انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے سیکرٹری جنرل جان ڈینٹن سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر تجارت میں سہولت، ایس ایم ای ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کی معیشت کی تبدیلی میں آئی سی سی کے کردار پر تبادلہ خیال ہوا۔



