پنجاب ایگریکلچرل انکم ٹیکس ترمیمی بل منظور
لاہور:(بیوروچیف)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ریونیو نے پنجاب ایگریکلچرل انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025 متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی ریونیو کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین محمد اوون جہانگیر کی زیر صدارت ہوا،پنجاب ایگریکلچرل انکم ٹیکس ترمیمی بل کی کل جمعہ کو پنجاب اسمبلی اجلاس سے منظوری لی جائے گی۔
پنجاب زرعی انکم ٹیکس ترمیمی بل کے تحت لائیو سٹاک آمدن پر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے، لائیو سٹاک کی آمدنی پر زرعی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ایگریکلچرل انکم ٹیکس ایکٹ میں کمیٹی نے ترامیم منظوری کر لی ہے جس کے ذریعے کسانوں پر ٹیکس بوجھ کم کیا جائے گا۔
بل کی منظوری سے لائیو سٹاک سیکٹر کو بڑا ریلیف ملے گا،پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد لائیو سٹاک ٹیکس ختم کرنے پر فوری نافذ العمل ہوگا۔
زرعی انکم ٹیکس بل کی سیکشن 2 کی ذیلی شق (1) کی دفعات (d) اور (e) ختم کرنے کی تجویز ہے جبکہ ایکٹ کے سیکشن 4-A کی شق (h) بھی حذف کرنے کی تجویز ہے۔
مویشیوں سے حاصل آمدنی کو زرعی آمدن سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لائیو سٹاک ٹیکس کے علاوہ زرعی ٹیکس برقرار رہیں گے، زرعی انکم ٹیکس میں جرمانے بھی برقرار رکھے گئے ہیں۔



