اسلام آباد:(ویب ڈیسک )شہریوں کے ملٹری ٹرائل کیخلاف سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران حسان نیازی نے کہا کہ بھارت نے کوٹ لکھپت جیل اور جوہر ٹاؤن کو لاک کررکھا ہے۔
اس موقع پر حفیظ اللہ نیازی روسٹرم پر آئے اور موقف اختیار کیا کہ میں 5 منٹ بات کرنا چاہتا ہوں، میرے بیٹے حسان نیازی کو 10 سال قید کی سزا ہوئی ہے، خواجہ حارث نے فوجی عدالتوں کی جو تعریفیں کیں وہ سن کر دکھ ہوا، قانون جس نے بھی توڑا اس کو سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 2014 کے دھرنے میں وزیراعظم ہاؤس، پارلیمنٹ، ریڈیو اسٹیشن پر حملے کیے گئے، وہاں بھی ہجوم حملہ آور ہوا، وزیراعظم کو وزیر اعظم ہاؤس سے باہر نکالنے کا منصوبہ تھا، وہ کیسز عام عدالتوں میں چلائے گئے، 9 مئی کا جرم بیرونی سازش سے بڑا نہیں ہوسکتا، ہمیں اپنی سپریم کورٹ اور سول عدالتوں پر اعتماد کرنا چاہیے، میری زندگی کے کچھ سال بچے ہیں اس ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا چلا رہا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں 2 مقامات کو لاک کر رکھا ہے، ایک کوٹ لکھپت جیل اور دوسرا جوہر ٹاؤن لاہور، میرا بیٹا بھی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے۔ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا، بے فکر رہیں، جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیے کہ ہمارا دفاع مضبوط ہے۔



