لاہور ( بیورو چیف) گلبرگ ماڈل کالونی میں ورکشاپ مالک نے مبینہ طور پر 12سالہ ورکشاپ ملازم کو آگ لگا دی جس کے باعث فیضان بری طرح جھلس گیا۔
تفصیل کے مطابق فوری طبی امداد کے لیے زخمی بچے فیضان کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس لینے پر ایس ایچ او گلبرگ نے فرار ہونے والے ملزم بابر کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
زخمی بچے کے والد شاہ محمد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق 12سالہ فیضان ماڈل کالونی گلبرگ میں ایک ورکشاپ پر کام کرتا ہے، گاڑی کے کاربوریٹر میں موجود پٹرول اس پر گر گیا جس سے اس کے کپڑے گیلے ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزم بابر کو بتایا تو ملزم بابر نے ماچس کی تیلی جلا کر فیضان پر پھینک دی، جس سے فیضان کو بری طرح آگ لگ گئی اور اس کا جسم جھلس گیا۔ ایس ایچ او گلبرگ کا کہنا ہے کہ ملزم بابر کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔



