لاہور ( بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کے پیش نظر قصور سمیت صوبے بھر میں یکم سے 10محرم الحرام تک دفعہ 144نافذ کردی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق، اس دوران کسی بھی نئی جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صرف پہلے سے منظور شدہ مجالس اور جلوس ہی منعقد کئے جا سکیں گے۔ عوامی مقامات پر ہتھیاروں، آتش گیر مواد کی نمائش، اشتعال انگیز نعرے بازی، اور فرقہ وارانہ جذبات ابھارنے والے اشارے یا پوسٹرز پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جلوس کے راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے، پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کسی بھی قسم کا کچرا جمع کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ دکانوں کے تھڑوں یا چھتوں پر تماشائیوں کی موجودگی پر بھی سخت پابندی عائد ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ 9اور 10محرم کو ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ یہ پابندی صرف بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر لاگو نہیں ہوگی۔ تمام دیگر پابندیاں یکم سے 10محرم تک نافذ رہیں گی۔



