پاکستانتازہ ترینکالم

شکریہ !! شہباز اینڈ کمپنی

ستار چوہدری

 

جہالت لاعلمی کو نہیں،باطنی ضد کو کہتے ہیں،جاہل وہ نہیں ہوتا جس کے پاس کسی چیز کا علم نہ ہو،جاہل وہ ہوتا ہے جو سیکھنے پرآمادہ نہ ہو،ابوجہل تو بہت بڑا شاعر،ادیب،دانشورتھا،آج ہمارے معاشرے کی زبان میں اسے تولا جائے تو بہت بڑا عالم تھا۔۔۔لیکن اللہ تعالیٰ نے اسے ابوجہل قرار دیا،کیونکہ وہ اپنی آنکھوں کے سامنے روشن حقیقت دیکھتے ہوئے بھی نہ مانتا تھا، اور ماننے کیلئے کوشش بھی نہیں کرتا تھا،ایک ضد میں مبتلا تھا،جہالت زد سے ہے،لاعلمی سے نہیں۔۔۔ ہمارے ہاں بھی کچھ ایسا ہی چل رہا۔

میڈیا مالکان سے لیکر ہرصحافی تک ،حکومت کے ہرعہدیدار سے لیکرانکے ہرکارکن تک،سب جانتے ہیں،رجیم چینج کے بعد اب تک،اتحادی حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا ہے،خودکشیوں پر مجبورکردیا،لیکن ڈھٹائی دیکھیں،مہنگائی 61سال کی تاریخ میں کم ترین سطح پر آگئی،ملک میں دودھ،شہد کی نہریں بہنیں لگی ہیں۔

وزیراعظم اور انکے رفقا روز قوم کو بتانے آتے ہیں ’’ہم نے ملک کوڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا‘‘۔۔۔۔ترقی کا سفرشروع ہوچکا ہے،ایک دوسرے کو مبارکبادیں دے رہے ہیں۔۔۔بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر اتنا شورمچا،ایسے اعدادوشمارسامنے آئے،سیدھی بات،میں توسکتے میں آگیا،شرمندگی محسوس ہورہی ہے،میں اتنالاعلم شخص نکلا۔۔۔یقین جانیئے،مجھے آج معلوم ہوا۔۔۔۔ بجلی یونٹ 16 سے 17 روپے ہو تو انتہائی مہنگا ہوتا ہے جبکہ 45 سے 71 روپے ہو تو بہت ہی سستا۔۔۔۔ مجھے تو اب پتہ چلا 200 یونٹس تک کا بل 2500 سے 3000 ہو تو مہنگائی کا جن ہوتا ہے اگر انہی یونٹس کا بل8000 سے 10000 تک چلا جائے توجشن منانا ہوتا ہے۔

مٹھائیاں تقسیم کرنی ہوتی ہیں۔۔۔۔ گھی 350 سے 400 روپے فی کلوہوتو مہنگائی کی شرح 12 فیصد پلس ہوتی ہے اور اگر400سے 600 روپے فی کلو ہو تو مہنگائی کی شرح 61سالہ تاریخ کی کم ترین سطح پر آجاتی ہے۔۔۔۔ مجھے تو اب پتا چلا کہ پینا ڈول کا پتا اگر 20 روپے کا ہو تو مہنگا اور اگر50 روپے سے زائد کا ملے تو سستا ہوتا ہے۔۔۔مجھے اب معلوم ہوا 100 روپےکا سیرپ مہنگا اوروہی سیرپ اگر 360 کا ہو جائے تو ادویات سستی ہو جاتی ہیں اورمہنگائی ملکی تاریخ میں کم ترین سطح پرآجاتی ہے۔۔۔۔ یقین کریں،مجھے آج پتا چلا اگر 22 ارب ڈالرز زرمبادلہ ہو تو ملک دیوالیہ ہوتا ہے اور 9 ارب ڈالرز پرتیز رفتارترقی ہوتی ہے۔۔۔ مجھے تو اب پتا چلا 6فیصد جی ڈی پی گروتھ پر ملک دیوالیہ ہوتا ہےاور منفی ایک پرملکی معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہوتی ہے۔

مجھے تو آج معلوم ہوا چینی 70 سے 80 روپے فی کلوہوتو مہنگائی 12فیصد سے زائد ہوتی ہے اور اگر 170 روپے سے زائد ہوجائے تو مہنگائی ایک اعشاریہ تین پرآجاتی ہے۔۔۔۔ مجھے تو اب پتا چلا آٹا 80 روپے کلو ہو تو مہنگائی18فیصد ہوتی ہے اگر 100 سے 110 ہوتو مہنگائی کی شرح ایک فیصد پر آجاتی ہے۔۔۔میرے علم میں آج یہ بات آئی روٹی 7 روپے کی ہو تو بہت مہنگی،اگر 15 روپے کی ہوتوبہت ہی سستی۔۔۔۔ مجھے تو آج پتا لگا گیس کااوسط بل 500 سے 800 ہوتو ناقابل برداشت ہوتا ہے اگر یہی بل 5000 سے 8000 تک ہو جائے بچت ہی بچت ہوتی ہے۔

مجھے تو اب سمجھ آئی گھر کے کچن کا راشن، سبزی وغیرہ کے اخراجات اگر 4500 سے 5000ماہانہ تک ہوں تو بہت تکلیف دہ ہوتے ہیں لیکن اگر یہی 10ہزار سے 12ہزارہو جائیں تو سکون ہی سکون، تسلی ہی تسلی ہوتی ہے۔۔۔۔ مجھے آج ہی ایک سرکاری دانشور نے بتایا موٹر سائیکل اگر70ہزار میں ملے تو خریدنا انتہائی مشکل،اگر وہی موٹر سائیکل ایک لاکھ 70ہزار ملے تو بندہ آسانی سے خرید سکتا ہے اور ساتھ ایک سال کیلئے پٹرول خریدنے کی بچت بھی ہوجاتی ہے۔

ہاں پٹرول سے یاد آیا،اگر پٹرول کی فی لیٹر قیمت150 روپے ہوتو خریدنا انتہائی مشکل ہوتا ہے،اگر260 ہوجائے توموجاں ہی موجاں،مزے ہی مزے،بچتاں ہی بچتاں۔۔۔۔ ٹول پلازوں پرلوگوں سے ٹیکس ادا نہیں ہوتے تھے،اکثر لڑائی جھگڑے ہوتے تھے،تو پھر مہربان حکومت نے ٹول پلازے ٹیکسز میں 70فیصد اضافہ کرکے غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ اتار دیا،اب لوگ ٹول پلازوں پر چالیس،بچاس روپے ٹپ دیکر جاتے ہیں۔۔۔۔ دودھ80 روپے تھا تو کبھی کبھار گھر میں لاتے تھے،جونہی180 ہوا،اب گھر میں پانی کی جگہ دودھ ہی پیتے ہیں،مہنگائی کا اب کوئی بہانہ نہیں چلتا۔۔۔۔
علم کی دولت فراہم کرنے پر مجھے جیسے لاعلم شخص کا حکمرانوں،انکے پیروکاروں،سرکاری دانشوروں کا شکریہ ادا کرنا بنتا ہے۔۔۔دلی طور پر مشکورہوں،احسان مند ہوں۔۔۔۔چلو !! یہ بات تو ہے لاعلم ہی تھا،ضدی نہیں تھا۔۔۔۔ جہالت لاعلمی کو نہیں،باطنی ضد کو کہتے ہیں،جاہل وہ نہیں ہوتا جس کے پاس کسی چیز کا علم نہ ہو،جاہل وہ ہوتا ہے جو سیکھنے پرآمادہ نہ ہو۔۔۔۔ آنکھوں کے سامنے روشن حقیقت دیکھتے ہوئے بھی نہ مانے۔۔۔اورکوشش بھی نہ کرے۔۔۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button