لاہور(بیوروچیف)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اقبال ٹاؤن اور بدنام زمانہ ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں زیر حراست ریکارڈ یافتہ ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر مارا گیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم زیر حراست ملزم آصف خان کو برائے برآمدگی مال مسروقہ اور ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے تھانہ شیراکوٹ کے علاقے میں لے جارہی تھی کہ راستے میں نامعلوم ملزموں نے اپنے زیر حراست ساتھی کو چھڑوانے کیلئے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ملزم آصف خان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو ئے۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ملزم سنگین جرائم کی سینکڑوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا، پولیس مفرور حملہ آوروں کیلئے سرچ آپریشن کر رہی ہے۔



