ریاض میں عالمی دفاعی نمائش، فتح 2سمیت پاکستانی میزائل بھی حصہ
کئی ملک پاکستانی لڑاکا طیاروں اور دفاعی ٹیکنالوجی کے خواہشمند: خواجہ آصف
ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی دفاعی نمائش 2026کا آغاز ہوگیا۔ دفاعی نمائش میں پاکستان سمیت 80ممالک شریک ہیں، پاکستان کی جانب سے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا اور پاکستان آرڈیننس فیکٹری سمیت کئی ادارے نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔
بھارت کے خلاف معرکہ حق میں پاکستان کی دفاعی لائن کو مضبوط بنانے والے میزائل فتح 2سمیت دیگر میزائلوں اور دفاعی سازوسامان بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سعودی حکومت کی دعوت پر نمائش میں شرکت کی۔ جبکہ وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری بھی نمائش میں شریک ہوءے۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں۔مزید برآں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک پاکستان کے لڑاکا طیاروں اور دیگر دفاعی ٹیکنالوجی کو حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اعلامیے کے مطابق خواجہ آصف سعودی حکومت کی دعوت پر ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کے لیے ریاض پہنچے۔ ریاض آمد پر سعودی حکام اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے استقبال کیا۔
وزیر دفاع کی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات ہوئی، خواجہ آصف نے ورلڈ ڈیفنس شو کے شاندار انعقاد پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی، وزیردفاع نے عالمی سطح کے دفاعی ایونٹ کو خطے میں دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
عالمی دفاعی نمائش میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے پوری دنیا میں اپنا منفرد مقام بنا چکا ہے، دنیا کے کئی ممالک پاکستان کے لڑاکا طیاروں اور دیگر دفاعی ٹیکنالوجی کو حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت میں ہماری دفاعی صلاحیت کا بہت بڑا کردار ہوگا۔



