شام: جنگجوئوں کا حماہ پر بھی حملہ، 4قصبوں پر قابض
فوج کا شورش زدہ علاقوں میں 200جنگجوئوں کو مارنے کا دعویٰ
حلب (ویب ڈیسک) شام میں خانہ جنگی شدت اختیار کر گئی، شام میں حکومت مخالف جنگجوئوں نے حلب اور ادلب کے بعد حماہ پر بھی حملہ کر دیا، جنگجو شہر کے اطراف میں چار قصبوں پر قابض ہوگئے۔ جنگجو مرکز سے صرف دس کلومیٹر کی دوری پر ہیں، روس نے یوکرین کو شام میں انتشار کا ذمہ دار ٹھہرا دیا، روسی وزارت خارجہ نے کہا شامی جنگجوئوں کو یوکرین سے ڈرون اور ہتھیار مل رہے ہیں، ماسکو بشار الاسد کے ساتھ کھڑا ہے۔
شامی فوج نے شورش زدہ علاقوں میں 200جنگجوئوں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے، امریکہ نے بھی شامی فوجی اہداف پر حملے کئے، صدر پوتن اور ترک صدر طیب اردگان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، شام کی بگڑتی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا شام کی صورتحال کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا، امریکی اور روسی مندوبین میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، ایک دوسرے پر دہشتگردی کی سرپرستی کے الزامات لگاتے رہے۔
ادھر شامی صدر بشارالاسد نے تمام باقاعدہ فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافے کا حکم دے دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز جاری کیے گئے حکم میں کہا گیا ہے یہ اضافہ پچاس فیصد ہو گا، فوجیوں کی تنخواہوں میں یہ اضافہ بشارالاسد کے خلاف اپوزیشن کی طرف سے جاری حملوں کے دوران کیا گیا ہے۔



